حیدرآباد دکن میں یوٹیوبر نے اپنی ریل بنانے کے لیے سڑک پر کرنسی نوٹوں کی برسات کر دی جس کو لوٹنے کے لیے شہری جمع ہوگئے۔
جب سے سوشل میڈیا انسانی زندگی میں داخل ہوا ہے لوگ اپنی ویڈیوز اور ریل بنانے کے لیے مضحکہ خیز حرکتیں کرتے ہیں، بعض اوقات تو یہ حرکتیں مضحکہ خیز ہونے کے ساتھ جان لیوا بھی ہوتی ہیں اور اب تک کئی لوگ جانیں گنوا چکے ہیں۔
بھارتی شہر حیدرآباد دکن کے علاقے کوکٹ پلی میں ایک یوٹیوبر اور انسٹا گرامر نے سوشل میڈیا پر اپنی ریل بنانے کے لیے سڑک کے درمیان کرنسی نوٹوں کی برسات کر دی جس کو لوٹنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد بھی وہاں جمع ہوگئی۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں یوٹیوبر کو 100 روپے مالیت کے بھارتی کرنسی نوٹوں کو لٹاتے اور لوگوں کو انہیں سڑک پر سے اٹھاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے مذکورہ یو ٹیوبر کو آڑے ہاتھوں لیا ہے اور اس حرکت کو شو بازی قرار دیتے ہوئے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ پاور ہرشا عرف مہا دیو نامی اس یوٹیوبر کے خلاف کارروائی کرتے جس نے عوام کے لیے مشکلات پیدا کیں۔