حال ہی میں کرکٹ کے میدان میں دوڑتے نوجوان بولر کی ماضی کے سپر اسٹار شعیب اختر سے غیر معمولی شباہت نے صارفین کو حیران کر دیا۔
حال ہی میں عمان میں کھیلی گئی مقامی عمان ڈی 10 لیگ کے ایک میچ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس کی وجہ اس میں ایک بولر کی ناقابل یقین حد تک پاکستان کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر سے شباہت ہیں۔
یہ میچ جو IAS Invincibles اور Yallah Shabab Giants کے درمیان کھیلا گیا۔ اس میں ایک نوجوان فاسٹ بولر کی شعیب اختر سے غیر معمولی شباہت نے دیکھنے والوں کو حیران کر دیا اور کئی نے اس کو نا قابل یقین قرار دے دیا۔
جس نے بھی یہ ویڈیو دیکھی وہ یہ کہنے پر مجبور ہوگیا کہ وہی صورت، وہی ایکشن اور ویسی ہی رفتار۔ یہ شعیب اختر نہیں تو پھر کون ہے۔
راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور اپنے وقت میں دنیا کے سب سے تیز رفتار بولر کا اعزاز پانے والے شعیب اختر کا ہمشکل فاسٹ بولر محمد عمران ہے جو IAS Invincibles کا حصہ ہے۔
پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بولر شعیب اختر اپنے وقت کے سب سے خطرناک فاسٹ بولرز میں شمار کیے جاتے تھے۔
واضح رہے کہ شعیب اختر نے پاکستان کے لیے 46 ٹیسٹ، 163 ون ڈے اور 14 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے اور ورلڈ کپ 2011 کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔
ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر سوالات کا تانتا بندھ گیا جس میں صارفین شعیب اختر سے سوال کر رہے ہیں کہ کیا یہ آپ ہیں یا آپ کا کوئی جاننے والا ہمشکل؟
ایک اور صارف نے انکشاف کیا کہ شعیب اختر کیطرح عمران محمد کا تعلق بھی پاکستان سے ہے۔
ایک صارف نے تو یہ مشورہ دے دیا کہ شعیب اختر کی بائیوپک فلم میں انکا کردار نبھانے کیلئے یہ بالر سب سے موزوں رہے گا۔