رانجی ٹرافی میں ویرات کوہلی 6 رنز پر آؤٹ، میمز بن گئیں

ویرات کوہلی

بھارتی ٹیم کے مایہ ناز ویرات کوہلی کی ڈومیسٹک کرکٹ میں 12 سالوں بعد واپسی ہوئی لیکن وہ صرف 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

بارہ سال کے  بعد ڈومیسٹک میں واپسی کرنیوالے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی رنجی ٹرافی کے ایک میچ میں محض 15 گیندوں پر صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کوہلی کو ریلوے کے تیز گیند باز ہمانشو سنگوان نے کلین بولڈ کیا تھا، اسکے بعد نوجوان کرکٹر نے جشن منایا جس کی ویڈیوز اور تصاویر خوب وائرل ہوئیں۔

سوشل میڈیا پر ویرات کوہلی کے آؤٹ ہونے پر صارفین نے دلچسپ میمز بھی بنائیں۔

ایکس پر ایک اکاؤنٹ سے لکھا گیا کہ ’لیجنڈ ویرات کوہلی 94 رنز کی کمی سے سنچری اسکور نہیں کرسکے۔‘

علاوہ ازیں میدان میں ویرات کوہلی کی بیٹنگ دیکھنے کے لیے آئے 15 ہزار سے زائد شائقین کرکٹ بھی ان کے آؤٹ ہونے کے بعد اسٹیڈیم سے واپس جاتے دکھائی دیے۔

واضح رہے کہ سابق کوچ اور کمنٹیٹر روی شاستری نے دورہ آسٹریلیا میں ناکام ہونے پر ویرات کوہلی اور روہت شرما کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دیا تھا۔

یاد رہے کہ بارڈر گواسکر ٹرافی میں بھارتی ٹیم کو آسٹریلیا نے پانچ میچوں کی سیریز میں 3-1 سے شکست دی تھی جس کے بعد سے روہت شرما اور ویرات کوہلی کو سابق کرکٹرز کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔