کراچی میں انتہائی مطلوب جادوگر لٹیرا گرفتار، واردات کی فوٹیج بھی سامنے آ گئی

کراچی: شہر قائد میں انتہائی مطلوب جادوگر لٹیرا آخر کار پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو گیا، اپریل میں کی گئی ایک واردات کی فوٹیج بھی سامنے آ گئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں بلال کالونی پولیس نے انتہائی مطلوب ملزم جادوگر کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا، بدنام زمانہ لٹیرا عارف جادوگر کے نام سے مشہور ہے، پولیس نے اسے ساتھی شیبی کے ساتھ گرفتار کیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لٹیروں کو ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا، یہ قربانی کے جانور خریدنے کے لیے جانے والوں کو ہدف بناتے تھے۔

ملزمان نے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں متعدد وارداتوں کا اعتراف بھی کر لیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لٹیرے مویشی منڈی جانے والی کار اور سوزوکی لوڈنگ کو روکتے تھے، اور انھیں لوٹ لیتے تھے۔

ملزمان واردات کے لیے اسکول اور کالج بیگ کا استعمال کیا کرتے تھے، ان سے اسکول بیگ، چھینے ہوئے درجن سے زائد موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں، پولیس کے مطابق لٹیروں سے لوٹا ہوا کیش اور 2 عدد پستول 30 بور بمعہ لوڈ میگزین برآمد ہوئے۔

کم عمر لڑکوں کی سنسنی خیز واردات، لٹیرا عجیب و غریب حرکتیں کرتا رہا (ویڈیو)

گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے انھیں شعبہ تفتیش کے حوالے کر دیا گیا ہے۔