بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے واپڈا اہلکار جاں بحق

(21 اگست 2025) بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نا اہلی نے اپنے ہی اہلکار کی جان لے لی بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے واپڈا اہلکار جاں بحق ہو گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں وقفے وقفے سے موسلادھار اور کہیں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سندھ کے ضلع ٹنڈٖو محمد خان میں بھی طوفانی بارشوں نے شہر میں جل تھل کو ایک کر دیا ہے۔

ٹنڈو محمد خان میں طوفانی بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے واپڈا کا اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس کو بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگا۔

دوسری جانب تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش میں دو مکانات کی چھتیں گر گئیں جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہو گئے۔

بارش نے شہر کو جوہڑ میں تبدیل کر دیا اور جل تھل ایک ہو گیا۔ نشیبی علاقے زیر آ گئے اور پانی میں کئی گاڑیاں پھنس کر خراب ہو گئیں۔

اس کے علاوہ کئی گھروں میں برساتی پانی کے ساتھ گٹر اور نالوں کا پانی بھی داخل ہو گیا، جس کے باعث رہائشیوں کو شدید اذیت کا سامنا ہے۔