پاکستان کے سابق کرکٹر وقار یونس اپنی تقرری کے چند روز بعد ہی پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کے مشیر برائے کرکٹ امور کے عہدے سے سبکدوش ہونے والے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وقار یونس کی جگہ نئے ایڈوائزر کرکٹ کی تقرری کا امکان ہے۔ چیئرمین کے میشر وقاریونس چند روز سے دفتر نہیں آرہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ افسروں نے وقار یونس کے ساتھ تعاون سےگریز کیا جس پر وہ سخت نالاں ہیں اور وہ عہدے سے سبکدوش ہونے کے لیے تیار ہیں۔
وقار نے اپنی تقرری کے فوراً بعد چیئرمین محسن نقوی کے ساتھ پریس کانفرنس کی تھی تاہم وہ کئی دنوں سے دفتر میں موجود نہیں ہیں۔
سابق کپتان کو آئندہ ماہ شروع ہونے والے چیمپئنزکپ میں کسی ٹیم کا مینٹور بنایا جا سکتا ہے۔