بالی ووڈ کی فلم وار 2 کا باکس آفس کلیکشن دیکھ کر یش راج فلمز کو غش آگئے، فلم اسپائی یونیورس کی سب سے بڑی فلاپ ثابت ہوئی۔
یش راج فلمز کی اسپائی یونیورس کو بالی ووڈ کی بہترین فرنچائز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، تاہم وار 2 کی باکس آفس کلیکشن اب تک نہایت مایوس کن رہی ہے، وار2 فرنچائز کی ایسی فلم ثابت ہوئی جو باکس آفس پر سب سے کم کمانے والی فلم کے طور پر سامنے آئی ہے۔
اس سے قبل وائی آر ایف کی فلم پٹھان اور ٹائیگر زندہ ہے نے ریکارڈ توڑ کامیابی حاصل کی تھی، تاہم وار 2 کی پرفارمنس نے فرنچائز کی چمک کو گہنا دیا ہے۔
وار 2 پچھلی اسپائی یونیور فلموں کی طرح زبردست توقعات پر پورا نہیں اترنے میں بری طرح ناکام رہی ہے اور ماہرین بھی اسے ایک نہایت اوسط فلم قرار دے رہے ہیں۔
اسپائی یونیورس نے بالی ووڈ کو بہت سے کامیاب فلمیں دی ہیں اور فرنچائز کی کامیابی کا سنگ بنیاد رکھا ہے، یہ فرنچائز انڈین سینما میں بڑے پیمانے پر کامیاب فلموں کےلیے جانی جاتی ہے مگر وار 2 کے معاملے میں ایسا نہیں ہوا۔
اس سے قبل فلم پٹھان نے 543.05 کروڑ، ٹائیگر زندہ ہے نے 339.16 کروڑ، وار نے 318.01 کروڑ، ٹائیگر3 نے 285.52 کروڑ اور ایک تھا ٹائیگر نے 198.78 کروڑ روپے کما کر باکس آفس پر دھاک بٹھائی تھی۔
تاہم وار 2 کے معاملے میں ایسا نہ ہوسکا اور تقریباً 450 کروڑ بھارتی روپوں کے بجٹ سے بنائی گئی فلم نے اب تک باکس آفس پر 175 کروڑ روپے کمائے ہیں، ناقدین کا کہنا ہے کہ فلم اپنے بجٹ جتنی کمائی بھی نہیں کرپائے گی۔