بھارتی بورڈ کی جانب سے شبمن گل کو دی جانے والی وارننگ کام کرگئی

شبمن گل کو ان کی خراب پرفارمنس پر بھارتی بورڈ حکام کی جانب سے وارننگ دی گئی تھی جو ان کے لیے کام کرگئی۔

حیدرآباد ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں بھارتی ون ڈاؤن بیٹر بری طرح ناکام رہے تھے جبکہ دوسری اننگز میں تو وہ محض دو گیند کا سامنا کرنے کے بعد صفر پر چلتے بنے تھے۔ جس کے بعد انھیں الٹی میٹم کا سامنا تھا اور تیسرے نمبر پر ان کی جگہ خطرے سے دوچار تھی۔

شبمن گل نے وشاکاپٹنم ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور اپنے ناقدین کو خاموش کرا دیا جبکہ بھارتی ٹیسٹ ٹیم میں انھوں نے اپنی جگہ بھی محفوظ کرلی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا تھا کہ ان کے ایک خاندان کے فرد کے مطابق خراب فارم کے بعد انھوں نے ارادہ کیا تھا کہ وہ گجرات کے خلاف موہالی میں رانجی ٹرافی کا میچ کھیلیں گے۔

اپنی حالیہ نو اننگز میں شبمن گل جدوجہد کا شکار تھے اور صرف 153 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے، اسپن اور سیم باؤلنگ پر ان کی کمزور کھل کر سامنے آئی تھی۔

اس حوالے سے سابق کرکٹر انیل کمبلے کا کہنا تھا کہ انھیں جو موقع دیا گیا وہ شاید چیتشور پجارا کو بھی نہیں ملا، حالانکہ وہ 100 سے زیادہ ٹیسٹ کھیل چکے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی ٹیم انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 255 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی تھی جبکہ اس اننگز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے شبمن گل نے 104 رنز بنائے تھے۔