پاکستان کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ حارث رؤف کو عظیم کرکٹر بننا ہے تو انہیں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا ہوگی۔
ایک غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وسیم اکرم نے پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف کے بارے میں اظہار خیال کیا اور کہا کہ اگر حارث رؤف کو عظیم کرکٹر بننا ہے تو انہیں خود پر ذمے داری لینا ہوگی اور ٹیسٹ کرکٹ میں ملک کی نمائندگی کرنا ہوگی۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ آج کل وائٹ بال کے کئی اسپیشلسٹ کھلاڑی موجود ہیں کیونکہ ٹی 20 فارمیٹ بہت آسان ہے، جہاں آپکو محض 4 اوورز ڈالنے ہوتے ہیں لیکن ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا معمولی بات نہیں۔ یہ بڑے کھلاڑیوں کا کھیل ہے جو لمبی ریس جیسا ہے کیونکہ اس میں آٹھ اوور کا اسپیل کرانا ہوتا ہے۔
انہوں نے پاکستان کے دورہ آسٹریلیا کے حوالے سے کہا کہ آسٹریلیا کا دورہ نئے کپتان شان مسعود کے لیے مشکل ہوگا۔ 1995 کے بعد سے پاکستان نے آسٹریلیا میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا، نئے کپتان اور نئی مینجمنٹ کیساتھ ٹیم کو ایڈجسٹ ہونے میں وقت لگے گا۔
حارث رؤف نے گزشتہ سال اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا لیکن وہ میچ بھی مکمل نہیں کھیل سکے تھے۔ دسمبر 2022 میں انگلینڈ کے خلاف اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں وہ محض 13 اوورز کروانے کے بعد انجری کا شکار ہوگئے تھے اور میدان سے باہر چلے گئے تھے جس کے بعد ان کی طویل دورانیے کی کرکٹ میں واپسی نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ حارث رؤف کی حالیہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ میں کارکردگی انتہائی ناقص رہی اور وہ ایونٹ کے مہنگے ترین بولر ہونے کے ساتھ منفی ریکارڈ بھی بنوا گئے۔
میگا ایونٹ کے بعد انہوں نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے سے معذرت کر لی جس پر پی سی بی کی جانب سے انہیں شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا جس کا بولر نے جواب دیا۔
اس حوالے سے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے دعویٰ کیا تھا کہ حارث رؤف نے میلبرن اسٹارز کے ساتھ بگ بیش لیگ کرکٹ کھیلنے کے لیے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا، جس پر کئی سابق کرکٹرز نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا جبکہ بورڈ نے انہیں بگ بیش لیگ کیلئے بھی مشروط این او سی جاری کیا تھا۔