لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم بھی کلین کراچی مہم کی حمایت میں سامنے آگئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وسیم اکرم نے ٹویٹ کیا کہ ’’علی زیدی کمال کی کوشش کررہے ہیں، کراچی سب کا گھر ہے لیکن بہت کم لوگ ایسے کام کا بیڑا اٹھاتے ہیں‘‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ وقت آگیاہے کہ اپنی ساری محبتیں اس شہر پر نچھاور کر دیں، کراچی کیلئے کچھ کرنا ہے تو یہ سب سے بہترین وقت ہے۔
It’s going to take more than 2 weeks to clean Karachi, but what a fantastic initiative by @AliHZaidiPTI . Karachi is home to so many, owned by very few, it’s about time we put some extra love in to this city and there is no better time than now #LetsCleanKHI #LoveKarachi
— Wasim Akram (@wasimakramlive) August 4, 2019
یاد رہے کہ کچھ دیر قبل وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کلین کراچی مہم کا باقاعدہ آغاز کیا، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ کراچی کی صفائی مہم میں بیرونِ ملک سے بھی لوگ شریک ہورہے ہیں۔
علی زیدی مہم میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے لیے تعینات کرنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ نیت صاف ہو تو ساری دنیا پیچھے چلنے لگتی ہے ، اگر میئر کراچی وسیم اختر اس مہم میں ہمارے ساتھ نہ ہوتے تو ہمارے لیے یہ مہم بہت بڑی مشکل بن جاتی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونے والے پیسوں سے صوبائی حکومت نے دبئی میں جائیدادیں بنائی ہیں۔ شہر صاف ہوسکتا ہے ، ہم ایک مرتبہ کرکے دکھانا چاہتے ہیں، دبئی پیسہ کم بھیجیں اور کچھ پیسے اس شہر کی فلاح و بہبود پر بھی لگا دیں۔