وسیم اکرم نے کراچی کے شہریوں سے معذرت کرلی

کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے دریائے نیلم پر گندگی کے ڈھیر کو دیکھ کر کراچی کے شہریوں سے معذرت کرلی۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے دریائے نیلم کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ خوبصورتی کسی یورپی ملک کی نہیں پاکستان کی ہے، میں سمجھتا تھا کہ ہم کراچی والے ہی صفائی کا خیال نہیں رکھتے، غلطی ہوگئی کیونکہ پاکستان میں سب ہی گندگی کرتے ہیں۔‘

انہوں نے کیمرہ گھماتے ہوئے ہاتھ کے اشارے سے دریائے نیلم پر گندگی کے ڈھیر کو دکھاتے ہوئے کہا کہ خوبصورت دریا پر گندگی کا ڈھیر موجود ہے۔

واضح رہے کہ وسیم اکرم ان دنوں کشمیر پریمیئر لیگ کی وجہ سے مظفر آباد میں موجود ہیں۔

وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم اکثر و بیشتر کراچی کے ساحل پر موجود گندگی کی نشاندہی کرتے ہوئے شہریوں کو صفائی کا خاص خیال رکھنے کی تلقین کرتے ہیں۔