’میرے پاس اختیار ہوتا بابر اعظم کو ٹی 20 ٹیم میں ضرور شامل کرتا‘

بابر اعظم

پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے ایشیا کپ سے قبل بابر اعظم کی ٹی 20 اسکواڈ میں واپسی کا مطالبہ کردیا۔

بابر اعظم نے آخری بار دسمبر 2024 میں جنوبی افریقا کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی، کم اسٹرائیک ریٹ سمیت ناقص پرفارمنس کے بعد انہیں اسکواڈ سے باہر کردیا تھا۔

حالیہ انٹرویو میں وسیم اکرم نے سینئر بیٹر کی ٹی 20 اسکواڈ میں واپسی کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’اگر میرے پاس اختیار ہوتا تو  بابر اعظم کو قومی ٹی 20 ٹیم میں ضرور شامل کرتا۔‘

وسیم اکرم نے کہا کہ ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ قریب آرہا ہے اور ہمیں ایک سینئر بیٹر کی ضرورت ہے، شائقین کو یاد ہوگا کہ جب اس نے 2019 میں سمر سیٹ کی نمائندگی کی تھی اس نے تقریباً 150 کے اسٹرئیک ریٹ سے رنز بنائے تھے، وہ اپنی بیٹنگ کو حالات کے مطابق ڈھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ پڑھیں: کیا بابر اعظم کی ٹی 20 اسکواڈ میں واپسی ہورہی ہے؟

سابق کپتان نے کہا کہ جب ہم 140 یا 160 کا تعاقب کرتے ہیں تو خاص طور پر بڑی ٹیموں کے خلاف ہمیں کسی ایسے شخص کی ضرورت ہوتی ہے جو ذمہ داری لے اور اپنے ساتھ دیگر 10 کھلاڑیوں کو لے کر چل سکے، بابر کا شمار دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بابر کے پاس ابھی بھی کافی کرکٹ باقی ہے اور وہ پاکستان کے لیے بہت کچھ حاصل کرسکتا ہے، ہم سب کو ان کی حمایت کرنے کی ضرورت ہے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ کوچ بابر کو کسی بھی پوزیشن پر کھلا سکتے ہیں، میرے میں ان کے لیے نمبر تین مثالی ہے لیکن یہ صورت حال پر منحصر ہے، اگر مزید اوور باقی ہیں تو کوئی اور بھی پہلے بیٹنگ کے لیے جاسکتا ہے۔

بابر کی حالیہ ٹی 20 فارم کی بات کی جائے تو اپنی آخری 10 اننگز میں انہوں نے ایک بھی نصف سنچری اسکور نہیں کی اور 26 کی اوسط سے 236 رنز بنائے ہیں۔