حافظ آباد : گزشتہ دنوں وسیم ریاض کے مبینہ قتل اور تشدد کا واقعے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کا سبب خودکشی قرار دیا گیا ہے۔
متوفی وسیم ریاض کی قبرکشائی کے بعد ہونے والے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں وسیم ریاض پر کسی قسم کا تشدد ثابت نہیں ہوا، وسیم نے جھگڑے کے بعد گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا کرخودکشی کی۔
اس کے علاوہ وسیم ریاض کا اپنی بہن کو بھیجا گیا آخری آڈیو پیغام بھی سامنے آگیا جس میں اس کا کہنا تھا کہ میں نے گولیاں کھا لی ہیں، میں مرنے لگا ہوں۔
وسیم ریاض نے چند روز قبل زہریلی گولیاں کھا کرخود کشی کرلی تھی، پولیس کی مدعیت میں ن لیگی رہنما سمیت 6افراد پر302کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ واقعے کی تفتیش سی سی ڈی کے حوالے کی گئی تھی۔