قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے حیدرآباد کے راجیو گاندھی کرکٹ اسٹیڈیم کے گراؤنڈ اسٹاف کو تحفہ دے کر دل جیت لیے۔
حیدرآباد میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا جانے والا 345 رنز کا ہدف 48.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، محمد رضوان کو ناقابل شکست سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
محمد رضوان نے ناقابل شکست 130 رنز کی اننگز کھیلی، عبداللہ شفیق نے بھی 113 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔
سعود شکیل 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اوپنر امام الحق 12 اور کپتان بابر عظم 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، افتخار احمد نے 22 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔
سری لنکا کی جانب سے مدھوشنکا نے دو وکٹیں حاصل کیں، تھکشانا اور پتھیرانا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا کے خلاف شاندار جیت کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اسٹیڈیم کے گراؤنڈ اسٹاف کے ساتھ گھل مل گئےاور ان کے ساتھ تصاویریں بھی بنوائیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کپتان بابراعظم نے گراؤنڈ اسٹاف کو پاکستان ٹیم کی جرسی بھی تحفے میں دی اور ساتھ تصاویر بنوائیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا ورلڈکپ میں حیدرآباد میں یہ آخری میچ تھا اب 14 اکتوبر کو گرین شرٹس بھارت کے خلاف احمد آباد میں میچ کھیلے گی۔