ڈیوڈ وارنر کی ’پشپا‘ کے انداز میں جشن منانے کی ویڈیو وائرل

ڈیوڈ وارنر

بنگلور: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے اوپنر ڈیوڈ وارنر کی پشپا کے انداز میں جشن منانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

بنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کے بعد آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر نے کیا ۔

مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کے آغاز سے ہی پاکستانی بولرز کی جم کر دھلائی کی اور اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔

وارنر اور مارش کے درمیان پہلی وکٹ پر 259 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی جو کہ پاکستان کے خلاف ورلڈکپ میں کسی بھی وکٹ پر سب سے بڑی شراکت داری ہے۔

اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 163 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ان کی اننگ میں 14 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے۔

ڈیوڈ وارنر نے سنچری مکمل کرنے کے بعد بھارتی اداکار الو ارجن کی فلم ’پشپا‘ کے انداز میں جشن منایا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔