معمر شخص کی سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کے انداز میں بولنگ کروانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے اپنے دور میں کئی نامور بیٹرز کو خطرناک باؤنسر سے پریشان کیے رکھا۔
افغانستان کے خلاف سیریز میں جب فاسٹ بولر احسان اللہ نے نجیب اللہ کو باؤنسر سے زخمی کیا تو مداحوں کو شعیب اختر کی برائن لارا کو کروائی گئی باؤنسر یاد آگئی تھی جس میں برائن لارا گر کر زخمی ہوگئے تھے۔
کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے باوجود دنیا بھر میں کرکٹ شائقین شعیب اختر کی ویڈیو دیکھتے ہیں اور اس پر اپنی رائے کا اظہار بھی کرتے ہیں۔
تاہم سوشل میڈیا پر ایک معمر شخص کی شعیب اختر کی طرح بولنگ کروانے کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس پر سابق اسپیڈ اسٹار بھی کمنٹ کیے بنا نہ رہ سکے۔
شعیب اختر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ویڈیو شیئر کی جس میں معمر شخص کو شعیب اختر کے انداز میں بولنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ارے واہ، سو برس کی عمر میں 100 ایم پی ایچ، میں ان سے ملنا پسند کروں گا کوئی ڈھونڈ کے لائے۔
Aray wah.
100 mph at 100 😀
I'd love to meet him. Dhoond k layen koi. pic.twitter.com/pr5Tjgg0rd— Shoaib Akhtar (@shoaib100mph) April 10, 2023
یاد رہے کہ تیز ترین بولنگ کروانے کا عالمی ریکارڈ اب بھی شعیب اختر کے پاس ہے، انہوں نے کیپ ٹاؤن میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے ورلڈ کپ 2003 میں 161.4 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کی تھی۔