امریکا میں آئی فون نے نہر میں گاڑی سمیت پھنسے شخص کی جان بچالی جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک شخص کو آئی فون کے نئے فیچر کی بدولت بچا لیا گیا جس کی گاڑی حادثے کے بعد نہر میں ڈوب گئی تھی اور وہ نہر میں پھنس گیا تھا۔
پولیس کے مطابق جانور کو بچاتے ہوئے 38 سالہ شخص کی گاڑی حادثے کا شکار ہوکر نہر میں جاگری تھی۔
آئی فون نے خودکار طور پر ایک ایس او ایس الرٹ کے ذریعے پولیس کو حادثے سے آگاہ کیا جس کے بعد پولیس اہلکار گوگل کو استعمال کرتے ہوئے حادثے کے شکار شخص کی لوکیشن جاننے میں کامیاب ہوگئے۔
جائے وقوعہ پر پہنچنے کے بعد پولیس اہلکاروں نے اس شخص کی گاڑی نہر میں ڈوبی دیکھی جس کے اندر وہ پھنسا ہوا تھا بعدازاں اہلکار اس کو بچانے میں کامیاب ہوگئے اور اسے طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا۔
واضح رہے کہ آئی فون میں ایمرجنسی ایس او ایس فیچر اس وقت کام کرتا ہے جب اسے صارف کی جانب سے ایکٹیویٹ کیا جاتا ہے اور سیلولر یا وائی فائی سگنل نہ ہونے پر سیٹلائیٹ کے ذریعے مدد کا میسج ریسکیو اداروں تک پہنچتا ہے۔
اس فیچر کو اکتوبر 2022 میں آئی فون 14 سیریز کے فونز کے ساتھ متعارف کرایا گیا تھا۔