ہوٹل کے کمرے میں تیندوے کے گھسنے سے خوف و ہراس پھیل گیا، ویڈیو وائرل

تیندوا

بھارت میں ہوٹل کے کمرے میں تیندوے کے گھسنے سے خوف و ہراس پھیل گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست جے پور کے ہیریٹیج ہوٹل کے کمرے میں اچانک تیندوا بھٹک کر اسٹاف روم کے کمرے میں داخل ہوگیا جس سے لوگ خوفزدہ ہوگئے۔

ہوٹل کے ترجمان نے بتایا کہ تیندوا صبح کے وقت اسٹاف روم میں داخل ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ تیندوے کے کمرے میں داخل ہونے کے وقت کوئی موجود نہیں تھا جس کی وجہ سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

محکمہ جنگلات کے رہنما پرتھوی راج مینا نے بتایا کہ تیندوا صبح کے وقت جنگل سے بھٹک کر ہوٹل کے عملے کے کمرے میں داخل ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے اطلاع دینے پر محکمہ جنگلات اور جے پور چڑیا گھر کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر تیندوے کو ریسکیو کیا۔

پرتھوی راج مینا نے بتایا کہ تیندوے کو ابتدائی طبی امداد کے بعد واپس جنگل میں چھوڑ دیا جائے گا۔