ممبئی: معروف بھارتی اداکار رجنی کانت کی فلم ’جیلر‘ کی برائی کرنے پر مداحوں نے فلمی شائقین کی پٹائی کردی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چنئی کے ویتری سنیما گھر کے باہر ’جیلر‘ کے پہلے شو کے بعد فلمی شائقین نے فلم پر منفی تبصرہ کیا تو رجنی کانت کے مداحوں نے ان کی پٹائی کردی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
رجنی کانت کے مداحوں کا کہنا تھا کہ یہ افراد اداکار تھلاپتی وجے کے مداح ہیں اور اسی لیے رجنی کانت کی فلم کی برائی کررہے ہیں۔
تامل فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار رجنی کانت اور تھلاپتی وجے کے مداحوں کے درمیان سوشل میڈیا پر اکثر جنگ جاری رہتی ہے اور یہ ایک دوسرے پر تنقید کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
Vijay fans thought it would be like Social media.. Feeling bad for them.. #JailerFDFS pic.twitter.com/hykdwbg2yn
— Trollywood (@TrollywoodX) August 10, 2023
واضح رہے کہ رجنی کانت کی فلم جیلر 10 اگست کو سنیما گھروں میں پیش کی گئی ہے جس کی ریلیز پر بھارتی ریاست تامل ناڈو میں جشن کا سماں تھا۔
نیلسن دلیپ کمار کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم جیلر ریلیز کے پہلے روز ہی صرف بھارت سے 13 کروڑ کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی جبکہ اس فلم نے دنیا بھر سے ریلیز کے پہلے دن کی ایڈوانس بکنگ سے 19 کروڑ کا بزنس بھی کیا۔
جیلر کی دیگر کاسٹ میں تمنا بھاٹیہ، رمیا کرشنن، شیوا راج کمار، جیکی شیروف، وسانتھ روی، سنیل، یوگی بابو، موہل لال ودیگر شامل ہیں۔