سلمان خان اور دھرمیندر کی ’جمال کودو‘ پر رقص کی ویڈیو وائرل

سلمان خان

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان اور اداکار دھرمیندر کی ’جمال کودو‘ کے گانے پر رقص کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

سندیپ ریڈی وانگا  کی ہدایت کاری میں بنائی گئی فلم ’اینیمل‘ میں ولن کا کردار نبھانے والے اداکار بوبی دیول کی آمد کے موقع پر ’جمال کودو‘ گانا شامل تھا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔

جمال کودو پر بھارتی ہی نہیں پاکستانی شوبز شخصیات نے بھی ویڈیوز بنائیں۔

اب حال ہی میں معروف بھارتی ریئلٹی شو بگ باس 17 میں ارباز خان، سہیل خان، میکا سنگھ اور دھرمیندر نے بطور مہمان شرکت کی۔

پروگرام کا پرومو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے جس میں اداکار و پرڈیوسر سہیل خان اور گلوکار میکا سنگھ کے ساتھ ریئلٹی شو کے میزبان سلمان خان بوبی دیول کے مقبول انداز کو اپناتے ہوئے یعنی خالی گلاس سر پر رکھ کر ڈانس کرتے نظر آئے۔

تاہم لیجنڈری اداکار دھرمیندر جمال کودو کی دھن پر اپنے بیٹے کے انداز کو اپنانے کی بجائے خالی گلاس پہلے ہاتھ میں پھر منہ میں پکڑ کر اسے بیلنس کرنے کی کوشش کرتے رہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل کرسمس کے موقع پر سنی دیول نے بھی اپنے بھائی کی وجہ شہرت بننے والی جمال کودو کی دھن پر اپنے ہی انداز میں رقص کر کے دکھایا تھا۔