ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد سے بابر اعظم اپنی کھوئی فارم بحال نہ کرسکے کیونکہ انہیں نیٹ میں بھی بیٹنگ کرتے ہوئے مشکلات کا سامنا ہے۔
بنگلہ دیش کے خلاف ٹیست سیریز کے لیے لگائے گئے کیمپ میں بابر اعظم کو فاسٹ بولر نسیم شاہ کے بھائی عبید شاہ کی بولنگ کا سامنا کرتے ہوئے مشکلات پیش آئیں۔
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارم پر بابر اعظم کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بابر اعظم کو عبید شاہ کی بولنگ کو کھیلنے میں مشکل پیش آرہی ہے۔
عبید شاہ کی ایک گیند بابر اعظم کے جسم پر لگی جبکہ عبید شاہ کی ان سوئنگ گیند بھی بابر نہ کھیل سکے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنی کپتانی اور ناقص بیٹنگ کی وجہ سے بابر اعظم تنقید کی زد میں ہیں، سابق کرکٹرز اور شائقین کرکٹ کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی میں شیڈول ہے جبکہ دوسرا ٹیسٹ کراچی میں 30 اگست سے 3 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔