لاہور: دریائے راوی اور ستلج میں پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہوگئی جس کے باعث اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن کا کہنا ہے کہ شاہدرہ کے مقام پر پانی کی آمد 15 ہزار کیوسک ہوگئی جبکہ دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ 3 ہزار سے بڑھ کر 8 ہزار کیوسک ہوگیا۔
فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن کے مطابق بھارت کی جانب سے چھوڑا گیا سیلابی ریلہ پاکستان میں داخل ہونا شروع ہوگیا، پڑوسی ملک نے 1 لاکھ 85 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلہ چھوڑا ہے، سیلابی ریلے سے دریائے روای میں اونچے درجے سیلاب کا خدشہ ہے۔
ادھر پی ڈی ایم اے حکام نے بتایا کہ مختلف مقامات پر فلڈ ریلیف سینٹر قائم کر دیے ہیں، صوبائی کنٹرول روم سے تمام تر صورتحال کی مانیٹرنگ جاری ہے۔
دوسری جانب دریائے چناب میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ دریائے چناب ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 92 ہزار کیوسک ہوگیا۔
محکمہ آبپاشی کے مطابق دریائے چناب میں آج رات بہاؤ 2 لاکھ 25 ہزار کیوسک سے تجاوز کر سکتا ہے، دریا میں آج رات اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔