کراچی (16 اگست 2025): شہر قائد میں ایک اور واٹر ٹینکر حادثے میں ایک معصوم بچے کی جان چلی گئی، اورنگی ٹاؤن میں والدہ کے انتظار میں گھر کے باہر بیٹھے 6 سالہ ارسلان کو ٹینکر نے کچل دیا۔
تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 میں ایک واٹر ٹینکر نے گھر کے باہر بیٹھے معصوم چھ سالہ بچے کو کچل دیا، حادثے کے بعد ڈرائیور ٹینکر کو بھگا کر فرار ہو گیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں ٹینکر کو حادثے کے بعد تیزی سے گلی سے جاتے دیکھا گیا۔
فوٹیج میں دیکھا گیا کہ واٹر ٹینکر کے پیچھے ایک بچہ اور ایک شخص آیا، بچہ روتے ہوئے اہل محلہ کو واٹر ٹینکر کی طرف اشارہ کرتا دکھائی دیتا ہے، تیز رفتار واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 7 سالہ ارسلان رئیس جاں بحق ہوا ہے، یہ حادثہ خلیل مارکیٹ ولایت شاہ بابا مزار کے قریب پیش آیا۔
کراچی میں ٹریفک حادثات: 3 خواتین سمیت 8 افراد جاں بحق
عباسی شہید اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ ارسلان رئیس والدہ کے انتظار میں گھر کے باہر بیٹھا تھا کہ تیز رفتار ٹینکر نے اسے روند ڈالا، ارسلان 3 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔ والدہ نے بتایا کہ وہ گھروں میں صفائی کا کام کرتی ہے، شوہر نشے کا عادی ہے اور مجبوری میں اسے کام کرنا پڑتا ہے، والدہ نے دہائی دی کہ اس کا بچہ واٹر ٹینکرکی نذر ہو گیا، اسے انصاف چاہیے، ان کے بچے کب تک ایسے ہی مرتے رہیں گے۔