کامران اکمل کی سنچری، پاکستان چیمپئنز نے ویسٹ انڈیز کو ہرا دیا

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان چیمپئنز نے ویسٹ انڈیز چیمپئنز کو 49 رنز سے شکست دے دی۔

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے 201 رنز کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز چیمپئنز کی ٹیم 7 وکٹوں پر 151 رنز بناسکی۔

چدوک والٹن کی 42 رنز کی اننگز بھی رائیگاں گئی، ولیم پرکنز 30 اور ڈیوائن براوو بھی 30 رنز بناسکے۔

پاکستان کی جانب سے رومان رئیس نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سہیل تنویر اور عامر یامین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

یہ پڑھیں: ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: پاکستان چیمپئنز نے جنوبی افریقا کو ہرا دیا

اس سے قبل پاکستان نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے تھے، کامران اکمل نے 62 گیندوں پر 113 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

کپتان محمد حفیظ نے 23 رنز بنائے، شرجیل خان 21 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، آصف علی اور شعیب ملک 10، 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ڈی جے براوو، ایشلے نرس، کیرون پولارڈ، دیو محمد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی ورلڈ چیمپئنز شپ آف لیجنڈز میں یہ مسلسل تیسری کامیابی ہے، پاکستان نے اس سے قبل جنوبی افریقا اور انگلینڈ چیمپئنز کو شکست دی تھی۔

دوسری جانب بھارتی ٹیم کو ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں مسلسل دوسری شکست ہوئی، بھارت کو آسٹریلیا چیمپئنز اور جنوبی افریقا چیمپئنز نے شکست دی تھی۔