ہمیں ٹرے میں رکھ کر ورلڈ کپ پیش نہیں کیا جائے گا، بھارتی کپتان

بھارتی کپتان چاہتے ہیں کہ ان کی ٹیم بہت عرصے سے آئی سی سی ٹرافی نی جیتنے کا قحط ختم کرے، تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ ورلڈ کپ انھیں ٹرے میں رکھ کر یوں ہی پیش نہیں کردیا جائے گا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹاپ کلاس بھارتی بیٹر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم میں سے ہر ایک ورلڈکپ جیتنے کا خواہشمند ہے کیوں کہ کئی سالوں سے ہم ایسا کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں، تاہم اس بار انڈین کرکٹ ٹیم آئی سی سی ٹرافی کی خشک سالی کو ختم کرنے کے لیے کافی بے چین ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت بطور بیٹر مجھے اپنے کھیل کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، ٹیم بھی چاہتی ہے کہ میں ایک بیٹر کے طور پر اپنا کردار ادا کروں، اچھی کپتانی تو لازمی ہے لیکن رنز بنا کر ہی میچ جیتے جاسکتے ہیں، کوئی بھی ہمیں ٹرے میں رکھ کر ورلڈکپ پیش نہیں کرنے والا۔

بھارتی کپتان کے مطابق 2022 کا ورلڈ کپ ہارے تو میرا یہی کہنا تھا کہ ہم ہمت نہیں ہاریں گے اور آگے کے لیے خود کو مضبوط بنائیں گے، اگر ہم مستقبل مزاجی دکھائیں گے جلد یا بدیر ہمیں صلہ مل جائے گا۔

روہت شرما نے واضح کیا کہ متعدد بھارتی پلیئرز کی انجری کے بعد اب انھیں انجری سے ڈر لگنے لگا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے اس حوالے سے اپنے خیالات بھارتی بورڈ تک پہنچادیے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ کوئی کھلاڑی ایسا نہ ہو جو اہم ترین ایونٹ میں جلوہ گر نہ ہوسکے کیوں کہ ہمارے چند پلیئرز نے گزشتہ دو سالوں میں کافی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔