کرکٹ کس طرح کھیلیں یہ ہم دکھائیں گے، کپتان کراچی کنگز

پی ایس ایل کی مقبول فرنچائز کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ کرکٹ کس طرح کھیلیں یہ ہم دکھائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق شان مسعود کا ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی کنگز گزشتہ 2 سالوں میں پرفارم نہیں کرسکی۔ کوشش کریں گے پہلے اپنی ٹیم کی پہچان بنائیں۔

انکا کہنا تھا کہ ہمارا نوجوان ٹیلنٹ بہت زبردست ہے، کراچی کنگزکی طرف سے نوجوان کھلاڑی آگے بھی کھیلیں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود نے کہا کہ کراچی کنگز کے تمام سینئر کھلاڑی آگئے ہیں، حکمت عملی مرتب کررہے ہیں۔

اس سے قبل کراچی کنگز کے نئے کپتان شان مسعود نے پاکستان سپر لیگ سیزن 9 میں اپنی فرنچائز کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا عزم ظاہر کیا تھا۔

کراچی کنگز کے پہلے ٹریننگ سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے لیے بہت پرجوش ہوں، ہم نے متوازن ٹیم بنائی ہے جو کراچی کنگز کو ایک نئی سمت میں لے جائے گی۔

شان مسعود نے کہا کہ ہم نے ٹیم کو دوبارہ سے تشکیل دیا ہے، اسکواڈ اور انتظامیہ میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کا مقصد ٹیم کو نئی بلندیوں تک لے کر جانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم میں باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جو کہ فرنچائز کو ایک مضبوط قوت بنائیں گے اور مستقبل میں ٹیم کو آگے لے کر جائیں گے۔