اسکول بیگ میں اسلحہ اسمگل کرنے والے ملزم کو عدالت نے جیل بھیج دیا

کراچی: اسکول بیگ میں اسلحہ اسمگل کرنے والے ملزم کو عدالت نے جیل بھیج دیا۔

سی ٹی ڈی نے آج منگل کو اسکول بیگ میں اسلحہ اسمگل کرنے والے ملزم اظہر کو جسمانی ریمانڈ کے بعد عدالت میں پیش کیا، جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے ملزم کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا سی آر او کروا لیا گیا ہے، فوٹو فنگرز لینا باقی ہیں، غیر قانونی اسلحے سے متعلق تفتیش بھی كرنی ہے۔

تفتیشی افسر کے مطابق ملزم کو مخبر کی اطلاع پر کشمیر روڈ سے گرفتار کیا گیا تھا، ملزم نے اسکول کا چھوٹا بیگ کندھے پر ٹانگا ہوا تھا، بیگ سے 4 سے زائد پستول مع میگزین برآمد ہوئے، اور اس کے قبضے سے کے پی کے پولیس کا کارڈ بھی برآمد ہوا۔

اسکول بیگ میں اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، اسمگلنگ میں ریٹائرڈ ایف سی اہلکاروں کے ملوث ہونے کا انکشاف

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا تعلق بین الصوبائی اسلحہ اسمگلنگ گروہ سے ہے۔