آج سے مون سون کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی

بارش 8واں اسپیل

اسلام آباد (17 اگست 2025): جڑواں شہروں میں صبح سویرے موسلادھار بارش ہوئی ہے، موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے مون سون کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں صبح سویرے موسلادھار بارش شروع ہو گئی ہے، اور محکمہ موسمیات نے آج سے مون سون کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کی ہے۔

کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں آج سے منگل تک شدید بارشوں کا امکان ہے، پنجاب میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے، سندھ اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں آج سے جمعرات تک موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔

شدید بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، سیاحوں کو پہاڑی علاقوں کا سفر مؤخر کرنے اور انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

راولپنڈی، اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش سے نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 10، گوالمنڈی میں 7 فٹ تک بلند ہو گئی ہے، ایم ڈی واسا سلیم اشرف کے مطابق موسم کی صورت حال میں نشیبی علاقوں اور نالہ لئی پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

ترجمان واسا کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیش گوئی پر واسا راولپنڈی ہائی الرٹ ہے، اور عملہ و ہیوی مشینری نشیبی علاقوں میں تعینات ہے، بارشوں کے پیش نظر رین ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے، جڑواں شہروں میں مجموعی طور 70 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔