اسلام آباد(3 اگست 2025): محکمہ موسمیات نے چار اگست سے ملک کے بیشتر علاقوں میں ایک اور بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے سلسلے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور شدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے تاہم کل سے جمعرات تک ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا نیا سلسلہ پہلے سے موجود سیلابی صورت حال کو مزید سنگین بنا سکتا ہے، اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش متوقع ہے۔
6 اگست کو بلوچستان میں بھی تیزبارش کا امکان ہے، مظفرآباد، راولا کوٹ، وادی نیلم، دیامر، سکردو اور گلگت جیسے اہم مقامات پر شدید بارشیں متوقع ہیں، جن کے باعث خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت دریائے سندھ پر تربیلا، کالاباغ، چشمہ،تونسہ، گڈو، سکھر بیراج پر نچلے درجےکا سیلاب ہے۔
فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن لاہور کا کہنا ہے تربیلا ڈیم اکانوے فیصد اور منگلا ڈیم ساٹھ فیصد بھر چکا ہے، دریائے چناب، جہلم، راوی، ستلج، کابل پرپانی کا بہاو ٔمعمول پر ہے، کوہِ سلیمان اورڈی جی خان کے برساتی نالوں میں بھی بہاؤ معمول پر ہے۔