مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل، اہم پیشگوئی

مون سون بارش

کراچی (13 اگست 2025): محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں مون سون بارش کا ساتواں اسپیل آج سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج سے ملک کے مختلف حصوں میں مون سون کے ساتویں اسپیل میں بارشیں برسنا شروع ہو جائیں گی، پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ بارش کا یہ ساتواں اسپیل زیادہ مضبوط ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 13 سے 17 اگست کے دوران پنجاب کے بالائی حصوں میں مون سون بارشوں کا امکان ہے، 18 سے 21 اگست کے تک پنجاب کے بیش تر میدانی اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاالدین میں بارشوں کاامکان ہے، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور اور دیگر شہروں میں بھی بارشیں متوقع ہیں، 21 اگست کو ڈیرہ غازی خان، بھکر، بہاولپور، خانیوال اور دیگر شہروں میں بارشوں کا امکان ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، اور شدید بارشوں کے باعث مری و گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔