بارش برسانے والا طاقتور سسٹم پاکستان میں داخل ہونے کے لئے تیار، الرٹ جاری

مون سون بارشوں

اسلام آباد : مون سون بارشوں کا پانچواں اسپیل ملک میں داخل ہونے کے لئے تیار ہے ، محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق مون سون کا نیا اسپیل آج بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، جس کے باعث جمعرات کے دوران اسلام آباد، پنجاب،خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان اور کشمیرمیں بارشیں متوقع ہیں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے کہا گیا کہ آج شام سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشیں ہوں گی اور مون سون بارشوں کا پانچواں سلسلہ 31 جولائی تک جاری رہے گا۔

راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاالدین ، حافظ آباد، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ ، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا ، میانوالی ، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر اور ملتان میں بارشوں کی پیش گوئی ہے۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں کے باعث پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئےمتعلقہ اضلاع کوعملہ اور مشینری ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد سمیت متعدد اضلاع میں شدید بارشوں اوراربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ مری اورگلیات میں لینڈ سلائیڈ نگ، کچے مکانات کو نقصان اور سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں کل رات سے اکتیس جولائی تک تیزبارش ہوسکتی ہے جبکہ سندھ میں بدھ اور جمعرات کو بعض مقامات پر بادل برسیں گے، شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال،ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے عوام سے اپیل ہے کہ بہتے پانی سے گاڑیاں نہ گزاریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ایمرجنسی میں ون ون ٹو نائن پر رابطہ کیا جائے

دوسری جانب دریاؤں کے بالائی علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے، پنجاب کے دریاؤں وندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔

دریائے راوی، جہلم، ستلج اور چناب کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے، دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پردرمیانے درجے کا سیلاب،پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 10 ہزار کیوسک ہے جبکہ دریائےسندھ میں تربیلا،کالا باغ اورچشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔