کراچی (20 اگست 2025): گزشتہ روز شہر قائد میں موسلادھار بارش کے بعد پیدا ہونے والی تکلیف دہ صورت حال کے پیش نظر شہری اگلی درست پیشگوئی کے لیے اداروں کی جانب سے دیکھ رہے ہیں، تاہم ایک بار پھر مختلف اداروں کی جانب سے مختلف اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کے شمال مشرق میں بارش کا سسٹم بن رہا ہے، ریڈار کے مطابق ہوا کا کم دباؤ موسلادھار بارش کی شکل اختیار کر سکتا ہے، ہوا کا کم دباؤ شمال مشرقی کی جانب گامزن ہے جو شدید بارش کا باعث بنے گا۔
اگرچہ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے بھی کہا ہے کہ اگلے 12 سے 24 گھنٹوں میں کراچی میں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، تاہم محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں یہ کہا گیا ہے کہ آج دوپہر 2 بجے کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے شمال و شمال مشرق میں بارش برسانے والے بادل موجود ہے، بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے رات تک جاری رہ سکتا ہے، کچھ علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں آج اور کل اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے، اور کراچی سمیت سندھ بھر میں 23 اگست تک بارشوں کا موجودہ سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔
کراچی میں ایک دن بارش کے تین اسپیل، مزید دو روز تیز بارش کی پیشگوئی
دوسری طرف این ای او سی کا کہنا ہے کہ کراچی میں موسلادھار بارش اگلے 12 سے 24 گھنٹوں میں متوقع ہے، اور حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، میرپورخاص، سکھر میں بھی مختصر وقت میں 50 سے 100 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے، جب کہ اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ اگلی بارش آج دو بجے کے بعد قریبی وقت میں ہو سکتی ہے یا بارہ گھنٹوں کے بعد آغاز ہوگا، نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے ٹھٹہ، بدین، جامشورو اور دادو کے حوالے سے سیلاب کے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔
دریائے سندھ اور قریبی ندیوں میں پانی کی سطح بڑھنے سے نچلے علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، اور مرکزی شاہراہوں اور مقامی سڑکوں کے زیر آب آنے سے آمد و رفت متاثر رہنے کا امکان ہے، بجلی اور ٹیلی کمیونیکیشن سروسز میں تعطل کا دورانیہ بھی بڑھ سکتا ہے، ہدایت کی گئی ہے کہ سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں کے رہائشی قیمتی اشیا اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔