ویڈیو: آندھی آئے یا طوفان، شادی تو ہوکر رہے گی! فلمی ڈائیلاگ حقیقت بن گیا

آندھی آئے یا طوفان شادی تو ہو کر رہے گی یہ ڈائیلاگ بہت سارے لوگوں نے فلموں میں سن رکھے ہوں گے لیکن حقیقت میں ایسا ہوگیا ہے۔

برصغیر پاک وہند کی فلموں اور ڈراموں میں شادی بیاہ کو ایک جذباتی تقریب کے طور پر پیش کیا جاتا ہے اور کئی فلموں میں محبت کرنے والا جوڑا یا بچوں کی اپنی پسند سے شادی کرانے والے والدین جوش میں یہ ڈائیلاگ بھی بولتے ہیں کہ ’’آندھی آئے یا طوفان، شادی تو ہو کر رہے گی‘‘۔

لیکن بھارت میں ایک جوڑے نے اس فلمی ڈائیلاگ کو حقیقت کا روپ دے دیا اور سمندری طوفان بیپر جوائے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاست گجرات میں ایک جوڑے طوفان کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے شادی کر ڈالی۔

دولہا اور دلہن کے شدید بارش اور طوفانی تھپیڑوں کے درمیان پھیرے لینے کی ویڈیو سوشل میڈی پر وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طوفان کی وجہ سے باقاعدہ منڈپ تو نہیں سجایا گیا لیکن اگنی کے گرد نو بیہاتا جوڑا پھیرے لیتا ہے۔

اس دوران شدید بارش ہو رہی ہے اور طوفانی ہواؤں کی وجہ سے ٹینٹ بھی اڑتے ہیں لیکن کئی طوفان ان کے پیار کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتا جب کہ اردگرد کھڑے دولہا اور دلہن کے رشتے دار اس موقع پر ان کے پھیرے لینے میں مدد اور ٹینٹ اڑنے سے بچانے کی کوشش کرتے نظر آتے ہیں۔

 

یہ دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اب تک ہزاروں صارف اس ویڈیو کو دیکھ چکے ہیں اور اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔ کچھ نے جوڑے کی اس کوشش پر انہیں سراہا ہے اور اکثریت نے ان کی شادی شدہ زندگی کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا ہے۔