اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کا طوفان تھم نہ سکا اور اس کی سالانہ شرح 43.79 فیصد تک پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کر دی جس کے بعد ایک ہفتے میں 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 9 روپے 32 پیسے مہنگا ہوا، تازہ دودھ، چائے، چاول سمیت دیگر اشیا مہنگی ہوئیں۔
ایک ہفتے میں 13 اشیائے ضروریہ سستی ہوئیں۔ ٹماٹر 21 روپے 83 پیسے فی کلو سستے ہوئے، آلو 2 روپے 93 پیسے، پیاز 3 روپے 75 پیسے فی کلو سستے ہوئے، لہسن، دال چنا، دال مسور، گھی اور چینی سستی ہوئی۔
علاوہ ازیں، حالیہ ہفتے 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ 14 فیصد کمی ہوئی۔
دو ہفتے قبل عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان میں بے روزگاری اور مہنگائی میں کمی کی پیشگوئی کی گئی تھی۔
آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی اعشاریوں کی تفصیلات جاری کی تھیں جن کے مطابق آئی ایم ایف کی گزشتہ سال کے مقابلے معاشی شرح نمو میں 2 فیصد اضافے کی پیشگوئی کی گئی تھی جو رواں مالی سال منفی 0.17 فیصد منفی ہے۔
آئی ایم ایف نے پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں اضافہ جبکہ بجٹ خسارے میں کمی کی توقع ظاہر کی تھی، آئی ایم ایف نے اخراجات، محصولات اور گرانٹس میں اضافے کا امکان ظاہر کیا تھا۔