فیصل کریم کنڈی نے کہا کے کہ انوار الحق کاکڑ کی بطور نگران وزیراعظم تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہیں، پی پی نے وزیراعظم شہباز شریف کو تعیناتی کا اختیار دے دیا تھا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پیپلزپارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا کے کہ جمہوریت کا تسلسل، ملکی استحکام اور معاشی ترقی کے لیے انتہائی ضروری ہے، بطور نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ امید کرتے ہیں نگران وزیراعظم آزاد و شفاف انتخابات کو یقینی بنائیں گے، پارٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کو تعیناتی کا اختیار دے دیا تھا۔
فیصل کریم نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے تعیناتی آئینی کردار کے مطابق ادا کرنے کو فوقیت دی، انوارالحق کاکڑ کی نگرانی میں ای سی سے شفاف انتخابات کے انعقاد کی توقع ہے، پی پی ہر آئینی، جمہوری عمل کی حامی ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
پی پی رہنما نے کہا کہ انوارالحق کاکڑ صاحب اچھے جمہوریت پسند سیاستدان ہیں، ذاتی طور پر جانتا ہوں، ماضی میں سیاستدانوں کو نگران وزیراعظم نہیں بنایا جاتا تھا، ہمارا مطالبہ یہی تھا کہ سیاستدان ہی نگران وزیراعظم ہو۔
انھوں نے کہا کہ اس بار ریٹائرڈ بیوروکریٹ، جج کے بجائے سیاستدان کو نگران وزیراعظم بنایا گیا، سیاستدان کی بطورنگران وزیراعظم تعیناتی سے جمہوری عمل کو تقویت ملےگی۔
قبل ازیں پی پی کی سنیئر رہنما شازی مری نے بھی کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کے نام پر پی پی کےتحفظات کی خبر غلط ہے، پی پی نے نگران وزیراعظم کا نام تجویز کرنے کا اختیار شہباز شریف کو دیا تھا۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی پوری توجہ آئندہ ہونے والے عام انتخابات پر ہے، پاکستان پیپلزپارٹی آئین اور قانون کے تحت انتخابات چاہتی ہے۔