استقبال رمضان، لندن کا مشہور علاقہ پہلی بار روشنیوں سے منور

مسلمانوں کا مقدس ماہ مبارک رمضان بیشتر ممالک میں جمعرات سے شروع ہو رہا ہے اس کے آغاز پر لندن کے مشہور ویٹ اینڈ کو پہلی بار روشنیوں سے منور کیا گیا ہے۔

دنیا کے بیشتر ممالک میں مسلمانوں کا ماہ مقدس رمضان المبارک کا آغاز جمعرات 23 مارچ سے ہو رہا ہے۔ بیشر بالخصوص مسلم ممالک میں اس ماہ مبارک کی آمد سے قبل اس کے استقبال کے لیے مسلمان بھرپور تیاریاں کرتے ہیں تاہم برطانیہ کی تاریخ میں پہلی بار اس سال رمضان کی آمد کے موقع پر لندن کے مشہور ویسٹ اینڈ کو روشنیوں سے منور کیا گیا ہے۔

لندن کے دو مصروف ترین مقامات پیکاڈلی اور لیسٹر اسکوائر کو جوڑنے والی کوونٹری اسٹریٹ اس وقت جگمگا رہی ہے۔ کیونکہ اسے رمضان المبارک کی آمد سے قبل چاند ستاروں والی لائٹس لگا کر روشن کر دیا گیا ہے۔

 

یہ وہ لائٹس ہیں جن کو عرف عام میں فانوس کہا جاتا ہے اور عموماً رمضان کے آغاز پر مشرق وسطیٰ بالخصوص مصر کی سڑکوں پر اس سے سجاوٹ کی جاتی ہے۔

 

لندن کے مشہور ویسٹ اینڈ کو اس وقت لائٹس لگا کر سجایا گیا جب برطانیہ کی سب سے قدیم اور سکے بنانے والی کمپنی رائل منٹ نے ایک سونے سے بنا ہوا بلین بار جاری کیا ہے، جس پر مکہ مکرمہ میں موجود اسلام کے مقدس ترین مقام کعبۃ اللہ کو دکھایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ لندن میں مسلمانوں بہت بڑی تعداد میں رہائش پذیر ہیں اور ویسٹ اینڈ لندن میں شاپنگ اور سیاحت کے لیے ایک مقبول مقام ہے اور یہاں رمضان کے مہینے میں امیر خلیجی سیاحوں کا اضافہ غیر معمولی بات نہیں ہے، جسے برطانوی میڈیا کی جانب سے’رمضان رش‘ کا نام دیا گیا ہے۔