ویسٹ انڈیز اگر پاکستان سے ون ڈے سیریز ہارا تو کیا ہوگا؟

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ون ڈے میچوں پر سیریز کل سے شروع ہو رہی ہے میزبان ٹیم اگر سیریز ہاری تو بڑی مشکل میں آ جائے گی۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کل سے شروع ہو رہی ہے۔ تینوں میچ ٹرینیڈاڈ میں کھیلے جائیں گے۔ مہمان ٹیم کو گرین شرٹس سے یہ سیریز ہر حال میں جیتنی ہوگی، اگر سیریز میں شکست ہوئی تو کیربیئن ٹیم بڑی مشکل میں پھنس جائے گی۔

پاکستان کے خلاف کل سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز ویسٹ انڈیز کے لیے 2027 میں ہونے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں رسائی کے لیے لائف لائن ہے۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ اکتوبر، نومبر 2027 میں جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی میزبانی میں کھیلا جائے گا اور پہلی بار میگا ایونٹ میں 14 ٹیمیں شرکت کریں گی۔

2027 کے ایڈیشن میں آئی سی سی ٹیم رینکنگ کی ٹاپ 10 ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کریں گی جب کہ بقیہ چار ٹیموں کو کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا ہوگا۔

اس وقت آئی سی سی کی تازہ ون ڈے ٹیم رینکنگ میں پاکستان چوتھے جب کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم دسویں نمبر پر ہے۔ اور کیربیئن ٹیم کی میگا ایونٹ میں انٹری کل سے شروع ہونے والی سیریز میں فتح حاصل کرنے سے جڑی ہے۔

ویسٹ انڈیز اگر سیریز جیت گیا تو اس کی رینکنگ دسویں نمبر سے کم نہیں ہوگی اور وہ نویں پوزیشن حاصل کر کے 2027 کے ورلڈ کپ میں اپنی سیٹ پکی کر لے گا۔ پاکستان شکست کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر چلا جائے گا تاہم اس سے ورلڈ کپ کوالیفائی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

تاہم اگر یہ سیریز پاکستان اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا تو ویسٹ انڈیز ٹاپ ٹین سے باہر ہو جائے گا اور پھر اس کو ممکنہ طور پر 2027 کے عالمی کپ میں شرکت کے لیے آئندہ برس ہونے والا کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑے گا۔

ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی کہتے ہیں ورلڈ کپ 2027 میں براہ راست کوالیفائی کرنے کے لیے پاکستان جیسی ٹیموں کے خلاف رینکنگ پوائنٹس حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 11 بجے شروع ہوگا۔

واضح رہے کہ رواں دورے میں پاکستان نے تین ٹی 20 میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو دو، ایک سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کی ہے۔