ویسٹ انڈیز نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی بھارت کو دھول چٹاتے ہوئے پانچ میچوں کی سیریز میں دو- صفر کی برتری حاصل کر لی۔
یہ 2016 کے بعد پہلا موقع ہے کہ ویسٹ انڈیز نے بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں دوسری مسلسل فتح حاصل کی ہو۔
گایانا میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کے 153 رنز کے تعاقب میں نکولس پوران نے میچ وونگ باری کھیلتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
میزبان ٹیم نے پوران کے 67 رنز کی بدولت ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 7 گیندیں پہلے حاصل کیا۔ پوران کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس سے قبل کالی آندھی نے ٹی ٹوئنٹی کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے بھارت کے خلاف شکنجہ کس لیا تھا۔ پہلے میچ میں ڈیڑھ سو رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم ایک سو پنتالیس پر ہمت ہار گئی۔ حریف بولرز کی عمدہ بولنگ کے سامنے پانچ بھارتی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔