ویسٹ انڈیز کا انگلینڈ پر کاری وار، دوسرا ٹی ٹوئنٹی بھی جیت لیا

ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کامیابی حاصل کر کے پانچ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

انگلینڈ اپنے دورہ ویسٹ انڈیز میں ون ڈے سیریز ہارنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی گنوانے کے دہانے پر پہنچ گیا ہے اور میزبان کیریبئین ٹیم نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلش ٹیم کو 10 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

گریناڈا میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو بولرز نے 54 رنز پر 4 وکٹیں لے کر درست ثابت کیا لیکن پھر میچ کے ہیرو برینڈن کنگز اور ویسٹ انڈین کپتان ان کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گئے یوں کیریبئن سائیڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز اسکور کیے۔

ویسٹ انڈین اوپنرز نے 41 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم پھر یکے بعد دیگرے چار وکٹیں گر گئیں۔ 54 رنز پر چار وکٹیں گنوانے کے بعد اوپنر برینڈن کنگز اور کپتان روومین پاؤل نے ٹیم کی بیٹنگ کو سہارا دیا۔

اس موقع پر کنگز نے اپنے نام کی طرح 52 گیندوں پر نا قابل شکست 82 رنز کی اننگ کھیلی جس میں 5 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے جب کہ پاؤل نے 28 گیندوں پر برق رفتار 50 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید اور ملز نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ کرس ووکس، سیم کورن اور ریحان احمد کے ہاتھ ایک ایک وکٹ آئی۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر ابتدا ہی میں ہمت ہار گئے اور 9 کے مجموعی اسکور پر 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ مڈل آرڈر بیٹر سیم کورن کی نصف سنچری بھی رائیگاں گئی انہوں نے 50 رنز اسکور کیے۔ معین علی ناٹ آؤٹ 22 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹیں گنوا کر صرف 166 رنز تک محدود رہی یوں ویسٹ انڈیز نے 10 وکٹوں سے فتح اپنے نام کر کے پانچ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری لے لی۔ ویسٹ انڈٖیز کی جانب سے الزاری جوزف نے تین جب کہ حسین نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ برینڈن کنگز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ انگلینڈ ٹیم اپنے دورہ ویسٹ انڈیز میں تین ایک روزہ میچوں کی سیریز دو ایک سے ہار چکی ہے۔