بابر اعظم جو حال ہی میں فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچے ہیں نے مشورہ دیا ہے کہ حج جوانی میں ہی کر لیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم جنہوں نے رواں سال اپنی والدہ کے ساتھ حج ادا کیا ہے اور اس فریضے کی ادائیگی کے بعد وطن واپس آگئے ہیں۔ انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں حج پر جانے والے خواہشمند افراد کو مشورہ دیا ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوگیا ہے۔
ٹوئٹر پر وائرل ہوئی اس ویڈیو میں بابر اعظم ایک کار میں فیملی کے ہمراہ خوشگوار موڈ میں موجود ہیں۔ اس موقع پر کار میں ہی موجود ایک شخص ان سے سفر حج سے متعلق سوال کرتا ہے جس پر قومی کپتان یہ جواب دیتے ہیں۔
بابر اعظم نے کہا کہ پہلے سنتے تھے حج جوان کا ہے کیونکہ حج کرنا آسان نہیں ہے۔ اب میں بھی یہی کہوں گا کہ حج جوانی میں ہی کر لیں کیونکہ جتنا دیر کریں گے اتنا ہی مشکل ہوگی۔
قومی کپتان نے مزید کہا کہ حج میں مشکلات آتی ہیں یہ آسان نہیں ہے، حج کا ماحول سمجھنا مشکل ہے۔
Babar Azam 🗣️ "Hajj karna he to jawani me kro" ❤️#BabarAzam #Cricket #Pakistan pic.twitter.com/dnmrgzlplQ
— Muhammad Noman (@nomanedits) July 3, 2023
ان کا کہنا تھا کہ یہ میرا پہلا حج تھا گرمی بہت تھی لیکن چونکہ میں گرمی میں میچز کھیلتا آیا ہوں اس لیے مجھے زیادہ محسوس نہیں ہوئی لیکن والدہ نے بہت ہمت دکھائی، دوران حج ماں جی کی ہمت دیکھ کر حیران رہ گیا۔
واضح رہے کہ بابر اعظم کے حج کے دوران مختلف مناسک کی ادائیگی کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر تواتر سے وائرل ہوتی رہی ہیں جب کہ فریضہ حج سے ادائیگی کے بعد ان کے نئے انداز اور نئی شرارتوں پر مبنی ویڈیو بھی صارفین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔