گلکرسٹ نے موجودہ پاکستانی ٹیم کے بارے میں کیا کہا؟

آسٹریلیا کے سابق کرکٹر ایڈم گلکرسٹ نے آسٹریلیا کا دورہ کرنے والی موجودہ پاکستانی ٹیم کو تاریخ کی بدترین ایشیائی ٹیم قرار دے دیا ہے۔

آسٹریلیا کے سابق جارح مزاج بیٹر و وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ جو ان دنوں کرکٹ کے کھیلے سے بحیثیت کمنٹیٹر جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کینگروز کے دیس سے ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کی ناکامی کا داغ لے کر وطن لوٹنے والی موجودہ پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا کا دورہ کرنے والی تاریخ کی بدترین ایشیائی ٹیم قرار دے دیا ہے۔

ایڈم گلکرسٹ جنہوں نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھی کمنٹری کی۔ سڈنی میں دوران کمنٹری انہوں نے پاکستان ٹیم کی ناقص کارکردگی پر سخت ترین الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلوی سر زمین پر اس سے قبل گرین شرٹس کی ایسی بدترین ٹیم نہیں دیکھی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ میں نے آسٹریلیا کی سرزمین پر اب تک کی بدترین ایشیائی ٹیم دیکھی ہے، سڈنی ٹیسٹ میں وہ جیتنے کی پوزیشن میں اور ڈرائیونگ سیٹ پر تھے لیکن اچانک 15 منٹ کے وقفے میں 5 وکٹیں گنوا دیں۔ ان کے مداح کل بھارت کا مذاق اڑا رہے تھے لیکن کم از کم وہ میچ (کیپ ٹاؤن ٹیسٹ) جیت تو گئے۔

گلکرسٹ نے کہا کہ پاکستان نے سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں شاندار کم بیک کیا لیکن دوسری اننگز میں برتری لینے کے باوجود پاکستانی بیٹنگ لائن تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔ پاکستان کا موازنہ بھارت سے ہوتا ہے لیکن اس نے سخت چیلنجز کے باوجود جنوبی افریقہ میں میچ جیتا جبکہ آسٹریلیا کیخلاف 2 بار سیریز اپنے نام کی۔

سابق کرکٹر نے ساتھ ہی اپنے ساتھی کمنٹیٹرز کے سامنے یہ سوال اٹھا دیا کہ آپ مجھے بتائیں پاکستان نے گزشتہ 35 سالوں میں ایسا کچھ جیتا ہو؟

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان ٹیم کو چھٹی بار اپنی سر زمین پر ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کی ہزیمت سے دوچار کیا ہے۔ گرین شرٹس نے کینگروز کے دیس میں  29 سال سے ٹیسٹ میچ نہیں جیتا ہے۔