شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا نے امیتابھ بچن سے کیا درخواست کر دی؟

شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان جن کی بالی ووڈ میں پہلی فلم دا آرچیز آج ریلیز ہو رہی ہے انہوں نے فلم ریلیز سے قبل بھارتی فلم انڈسٹری کے شہنشاہ سے درخواست کی۔

انڈین میڈیا کے مطابق سہانا خان جو اپنی پہلی فلم دا آرچیز کی پروموشن کے لیے بھارتی ٹی وی کے مقبول گیم شو ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ میں شریک ہوئیں جہاں ان کی میزبان امیتابھ بچن سے دلچسپ گفتگو بھی ہوئی اور اسی دوران نوآموز اداکارہ نے بالی ووڈ شہنشاہ سے درخواست کر دی۔

رپورٹ کے مطابق پروگرام کے دوران امیتابھ بچن نے سُہانا خان سے پوچھا کہ ان کے والد شاہ رخ خان نے اُن (امیتابھ) کے بارے میں بچوں کو کیا بتایا ہے؟

اس سوال کا جواب دیتے ہوئے سُہانا خان نے کہا کہ میں آپ کو یاد دِلانا چاہتی ہوں کہ آپ (امیتابھ) نے کئی فلموں میں اُن (شاہ رخ) کے والد کا کردار نبھایا ہے، اسی لیے میری درخواست سے ہے آپ مجھ سے آسان سوال کریں۔

اس شو کی ریکارڈنگ ہو چکی ہے اور جلد ناظرین اس کو ٹی وی اسکرین پر دیکھ سکیں گے۔

واضح رہے کہ دی آرچیز میں تین فلمی خاندانوں کے بچے اپنے کیریئر کا آغاز کر رہے ہیں جس میں ایک شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا، دوسرے امتیابھ بچن کے نواسے آگستیا نندا اور تیسری آنجہانی سری دیوی کی چھوٹی بیٹی خوشی کپور ہیں۔

گزشتہ روز فلم کے پریمیئر میں سُہانا خان نے اپنے والد شاہ رخ خان، والدہ گوری خان اور بھائیوں آبرام خان اور آریان خان کے ساتھ شرکت کی تھی جبکہ امیتھابھ بچن، جیا بچن، ایشوریا رائے بچن اور ابھیشیک بچن اس تقریب میں آگستیا نندا کے ساتھ تصاویر بنواتے ہوئے نظر آئے تھے۔

زویا اختر کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم نیٹ فلیکس پر آج ریلیز ہو رہی ہے۔