بھارت میں پولیس اہلکار نے شہری پر جوتوں کی بارش کر دی جس کی پاداش میں اسے گرفتار کرنے کے بعد معطل کر دیا گیا ہے۔
بھارت میں غریب عوام پر ظلم عام ہے بالخصوص اگر کسی نے وردی پہن رکھی ہے تو وہ عوام کو اپنی ذاتی جاگیر سمجھتا ہے ایسا ہی کچھ گزشتہ دنوں ریاست اتر پردیش میں ہوا جہاں ایک سادہ لباس پولیس اہلکار نے غریب شہری پر جوتوں کی برسات کر دی۔
بھارتی ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ لکھنو سے 100 کلومیٹر دور بردونی میں پیش آیا جہاں ایک سادہ لباس پولیس اہلکار شہری پر جوتے برسا رہا ہے۔
انڈین سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی محکمہ پولیس بھی حرکت میں آگیا اور ذمے دار اہلکار جس کا نام دنیش بتایا جاتا ہے اس کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
چار منٹ کی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ پولیس اہلکار نے شہری پر بے وجہ جوتے برسائے اور چار منٹ تک اسے جوتے ہی مارتا رہا۔
دوسری جانب سے اس حوالے سے مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ تشدد کا نشانہ بننے والا شخص شراب کے نشے میں دھت تھا اور مقامی دکان پر لوگوں کو تنگ کر رہا تھا۔
ایڈیشنل سپرینٹنڈنٹ پولیس ویسٹ دُرگیش کمار سنگھ نے کہا کہ محکمے نے وائرل ہونے والی ویڈیو کا نوٹس لیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ پولیس کانسٹیبل سادہ کپڑوں میں مارکیٹ گیا ہوا تھا۔ اس نے وہاں شراب کی نشے میں دھت ایک شخص کو دیکھا جو لوگوں سے بدتمیزی کر رہا تھا۔ اس شخص نے اہلکار سے بھی بدتمیزی کی جس کے بعد دونوں میں لڑائی ہوئی تاہم ذمے دار اہلکار کو معطل کرکے گرفتار کرلیا ہے۔