آسٹریلیا کی نئی ورلڈ کپ جرسی میں چھپا پیغام اور خاص بات کیا ہے؟

آسٹریلیا نے آئندہ ماہ بھارت میں شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے نئی جرسی متعارف کرائی جس میں کچھ خاص پیغام چھپا ہے۔

آسٹریلیا جو اب تک کرکٹ کی تاریخ کے سب سے زیادہ ورلڈ کپ (5 ون ڈے ورلڈ کپ) جیتنے کا اعزاز رکھتا ہے۔ چھٹی بار عالمی چیمپئن بننے کا عزم لیے بھارت پہنچ چکا ہے اور میگا ایونٹ کی تیاریوں کے لیے میزبان سے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیل رہا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے گزشتہ روز اپنی ٹیموں کے لیے نئی جرسی کی نقاب کشائی کی تھی جس کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری بھی کی تھی۔ کینگروز اسی جرسی کو پہن کر ورلڈ کپ کی مہم سر کریں گے تو کیا آپ جانتے ہیں کہ اس جرسی میں کیا پیغام چھپا ہے اور کیا خاص ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق نئی آسٹریلوی جرسی جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ اور کرکٹ کے ورثے کو ظاہر کرتی ہے۔ فیونا کلارک کی تخلیق یہ جرسی آرٹ ورک کا بہترین نمونہ ہونے کے ساتھ نہ صرف 1868 کی اس تاریخی آسٹریلوی ٹیم کی یاد دلاتی ہے بلکہ یہ کھیل کے بھرپور ورثے، ثقافتوں اور نسلوں کو آپس میں جوڑنے کی صلاحیت کی پرجوش یاد دہانی بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ آسٹریلیا نے ورلڈ کپ سے پہلے کچھ نیا متعارف کرا دیا!

یہ کٹ صرف دیکھنے میں ہی دلکش نہیں بلکہ اس میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ہوادار میش پینلز کو حکمت عملی کے ساتھ شامل کیا گیا ہے تاکہ ہوا کا بہاؤ معمول کے مطابق رہے اور کھلاڑی میچ میں دباؤ والی صورتحال کے دوران بھی ٹھنڈے رہیں۔