قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے ویسٹ انڈین کھلاڑی کائل مائرز کو ورلڈ کپ کے لیے خطرناک کھلاڑی قرار دے دیا۔
اے اسپورٹس کے پروگرام ’دی پویلین‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ ’کائل مائرز اوپننگ کرتے ہیں اور بولنگ کرتے ہیں وہ آسٹریلیا کی کنڈیشن میں حریف ٹیموں کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔
ملک کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم میں ایون لوئس اور برینڈن کنگ صرف بیٹرز ہیں باقی تمام کھلاڑی بولنگ بھی کرتے ہیں، نکولس پورن وکٹ کیپر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں اگر 5 اوورز میں 80 رنز چاہیے ہوں تو سوچتے ہیں کہ ہمیں چھکے کتنے لگانے ہیں۔
وسیم اکرم نے کہا کہ ویسٹ انڈین کھلاڑی سنگلز لینے پر انحصار نہیں کرتے ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ باؤنڈری لگائیں۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ان کے پاس مختلف آپشن موجود ہیں، جوزف کا ریکارڈ ہے وہ 150 کی رفتار سے بولنگ کرتا ہے اور جس طرح سے وہ بیٹنگ کرتے ہیں وہ لاجواب ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ میکاوئے اور اسمتھ بھی مستقل بیٹنگ کرتے آرہے ہیں۔
اگر وکٹ میں سیم اور سوئنگ ہو تو جیسن ہولڈر بھی حریف ٹیموں کو پریشان کرسکتے ہیں اگر اس قسم کی پچز ملیں تو ویسٹ انڈیز کے لیے آئیڈیل کنڈیشن ہوگی۔