میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کے مختلف انڈر پاسز کا دورہ کیا، انھوں نے افسران کو انڈر پاسز میں صفائی کی صورتحال کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے دوران انڈرپاسز میں پانی جمع نہ ہونے پائے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہرکے 8 انڈر پاس کا دورہ کیا اور ممکنہ بارشوں کے پیش نظر انڈر پاسز کی صورتحال کا جائزہ لیا، انھوں نے ضلع جنوبی کے تینوں انڈرپاسز کے علاوہ بیگم نصرت بھٹو، مہران، پنجاب کالونی اور کے پی ٹی انڈر پاس کا دورہ کیا۔
اس موقع مرتضیٰ وہاب افسران کو انڈر پاسز میں صفائی کی صورتحال کو یقینی بنانے کی ہدایت دی اور کہا کہ بارشوں کے دوران انڈرپاسز میں پانی جمع نہ ہونے پائے، انڈر پاس سے پانی نکالنے کی مشینری چیک کرنے آیا ہوں، تمام انڈر پاسز کے ایم سی کے زیرِانتظام ہیں۔
انھوں نے کہا کہ کے ایم سی اور واٹر بورڈ کا عملہ بارش کے دوران کام کرتا ہوا نظر آئے گا، تمام اداروں کی کوآرڈنیشن آئندہ بارش کے دوران نظر آئے گی۔
میئر کراچی نے بارشوں سے قبل طارق روڈ، عمر شریف، شہید ملت انڈر پاسز کا معائنہ کیا، وہ شارع فیصل پر شہید منور سہروردی انڈر پاس اور پمپنگ اسٹیشن بھی گئے۔
میئر کی جانب سے کے ایم سی اور واٹر بورڈ کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کرکے انھیں ڈیوٹی پرمامور کر دیا گیا ہے۔