آسٹریلیا میں قومی ٹیم کا بیٹنگ آرڈر کیا ہوگا؟ کپتان شان مسعود نے بتا دیا

پاکستان کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے آسٹریلیا میں ہے اس سیریز میں قومی ٹیم کا بیٹنگ آرڈر کیا ہوگا اس حوالے سے کپتان شان مسعود نے بتا دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے آسٹریلیا میں ہے۔ قومی ٹیم کل کینبرا میں پرائم منسٹر الیون کے خلاف واحد چار روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی جب کہ ٹیسٹ سیریز کا باقاعدہ آغاز 14 دسمبر کو پرتھ میں ہونے والے ٹیسٹ سے ہوگا۔ اس سیریز میں قومی ٹیم کا بیٹنگ آرڈر کیا ہوگا اس حوالے سے کپتان شان مسعود نے بتا دیا ہے۔

مانوکا اوول میں پریکٹس میچ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کپتان شان مسعود نے بتایا کہ عبداللہ شفیق اور امام الحق اوپننگ کریں گے جب کہ بابر اعظم 4 نمبر پر کھیلیں گے۔ فائنل الیون میں سرفراز احمد کو محمد رضوان پر ترجیح دیں گے۔

شان مسعود نے کہا کہ خرم شہزاد اور میر حمزہ دونوں ڈومیسٹک کے پرفارمر ہیں جب کہ سڈنی میں گیند ریورس ہوتی ہے اس لیے وسیم جونیئر کو ساتھ لائے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس بولنگ میں بہت آپشنز موجود ہیں۔ بولرز اگر 20 وکٹیں لیں گے تو ہمارے لیے اپنے منصوبوں پر عمل کرنا آسان ہوگا۔

قومی کپتان نے کہا کہ ہم آسٹریلیا ایسی کرکٹ کھیلنے آئے ہیں جو دونوں ممالک کے فینز کو پُر جوش کرے۔ ہمیں رنز بنانے کی رفتار تیز کرنی ہوگی۔

دورہ آسٹریلیا: پاکستان اور پی ایم الیون کے مابین چار روزہ میچ ٹرافی کی رونمائی

اس موقع پر انہوں نے اپنے کرکٹ کیریئر کی آخری سیریز کھیلنے والے آسٹریلوی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر کے حوالے کہا کہ وہ دنیائے کرکٹ کے بہترین سفیر ہیں۔ یہ سیریز وارنر کے لیے ایک جذباتی سیریز ہوگی اور ہم کوشش کریں گے کہ آخری سیریز میں ان کے لیے مختلف چیلنجز لائیں۔