کراچی میں دودھ کی قیمت کیا ہوگی؟ ہوشیار ہوجائیں

کھلا دودھ

کراچی: شہرِ قائد میں ڈیری مافیا کی من مانی نئی بات نہیں، آئے دن یہ مافیا دودھ کی قیمت میں ازخود اضافہ کرتا رہتا ہے۔ کمشنر کراچی نے دودھ کے نرخ مقرر کرنے کے لیے اجلاس طلب کر لیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کمشنر کراچی نے دودھ کی قیمت مقرر کرنے کے سلسلے میں کل اسٹیک ہولڈرزکا اجلاس طلب کیا ہے۔ دودھ فروشوں کی من مانیوں سے تنگ اور ڈیری مافیا کے ہاتھوں کا کھلونا بنے بیچارے کراچی کے شہری اس حوالے سے کسی اچھی خبر کے منتظر ہیں، تاہم اس کی امید کم نظر آتی ہے۔

کمشنر کراچی نے دودھ کی سرکاری قیمت 180روپے فی لیٹر مقرر کررکھی ہے، تاہم پورے شہر میں کہیں بھی دودھ اس قیمت میں فروخت نہیں کیا جارہا بلکہ دودھ فروشوں نے غیر سرکاری قیمت 210 اور 220 روپے فی لیٹر مقرر کررکھی ہے، جس پر وہ دھڑلے سے دود فروخت کرکے عوام کی جیب ہلکی کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ماضی میں بھی دودھ کے سرکاری نرخ کا تعین کرنے کے لیے کئی اجلاس ہوئے، مگر ڈیری مافیا ان نرخوں کو ماننے سے ہمیشہ انکاری رہا، سرکاری نرخ کچھ بھی مقرر ہوں ڈیری مافیا من چاہی قیمت پر ہی عوام کو دوھ فروخت کرتا ہے۔