اب تک سینکڑوں انسان خلا میں جا چکے ہیں کیا آپ جانتے ہیں کہ مخصوص لباس پہنے بغیر اگر کوئی انسان خلا میں پہنچے تو کیا ہوگا؟
انسان زمین اور اس کی تہوں میں چھپے راز کی تلاش اور کئی اہم دریافتوں کے بعد اب مدتوں سے خلا تسخیر کرنے کے لیے کوشاں ہے جس کے لیے آئے روز مختلف ممالک خلائی مشن خلا میں روانہ کرتے ہیں۔
سب نے دیکھا ہوگا کہ خلا نورد خلا کی جانب سفر پر گامزن ہونے سے قبل ایک مخصوص لباس زیب تن کرتے ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ خلا میں یہ مخصوص لباس کیا کرتا ہے اور اگر یہ لباس نہ پہنا جائے تو انسان پر کیا خوفناک صورتحال گزر سکتی ہے؟
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ویڈیو DG EYE نامی یوٹیوب چینل نے بنائی ہے اور اس میں بالکل واضح کیا گیا ہے کہ اگر انسان سے اس کا خلائی لباس چھین کر اسے خلا میں ’پھینک‘ دیا جائے تو اس کی حالت کیا ہوگی اور اس کو کن خوفناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ اگر انسان کو مخصوص خلائی لبباس کے بغیر خلا میں اتار دیا جائے تو صرف چند سیکنڈز میں انسانی جسم میں گیسیں پھیلنا شروع ہو جائے گی جس سے پھیپھڑوں کی بافتیں پھٹ جائیں گی۔ اس کے علاوہ پانچ سیکنڈز کے اندر اندر آنکھوں، جِلد اور منہ میں نمی بخارات بننا شروع ہو جائے گی اور جسم میں خون میں پانی کی طرح ابلنے لگے گا۔
ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ جِلد لچکدار اور دباؤ کو برداشت کرنے کے لیے پہلے سوجتی اور بڑی ہوتی جاتی ہے لیکن آخر کار ان سب کے بعد دل کی رفتار سست ہو کر رک جاتی ہے اور انسان دم گھٹنے سے مر جاتا ہے۔