واٹس ایپ نے مشکوک کالز کا علاج ڈھونڈ لیا

واٹس ایپ

واٹس ایپ صارفین کی سہولت کے لیے نامعلوم اور مشکوک کالز کا علاج ڈھونڈ لیا ہے اور ایسی کالز کو خاموش کرنے کے آپشن پر کام جاری ہے۔

موجودہ دور میں اسمارٹ فون ہر ایک کی ضرورت بن چکا ہے جس میں باہمی رابطوں کی ایپ ’’واٹس ایپ‘‘ صارفین میں سب سے زیادہ مقبول ہے جو دنیا کے ہر کونے میں با آسانی رابطے کا بڑا ذریعہ ہے تاہم اس ایپ پر بھی صارفین کو غلط نمبرز یا مشکوک کالز کی شکایت رہتی ہے جس کے تدارک کے لیے واٹس ایپ نے کوششیں شروع کردی ہیں۔

اے آر وائی نیوز کی براہ راست نشریات دیکھنے کے لیے کلک کریں:

واٹس ایپ کی اندرونی خبریں دینے والے ویب سائٹ ’ویب بی ٹا انفو‘ کے مطابق واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت کے لیے ایک اور آپشن پر غورشروع کردیا ہے جس کے تحت نامعلوم اور مشکوک نمبروں سے آنے والی کال کو ’خاموش یا میوٹ‘ کرنا آسان ہوجائے گا۔ فی الحال اس آپشن پر کام جاری ہے۔ تاہم اس کے آزمائشی یا بی ٹا ورژن میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

یہ آپشن ایک یا بہت سے نمبروں کے لیے کارگر ہوگا تاہم صارف ان نمبروں کو دیکھ سکے گا جبکہ بلاک کرنے میں ایسا نہیں ہوتا۔ اسی طرح وہ نمبر نوٹفیکشن میں بھی دکھائی دے سکیں گے۔

اس فیچر کے بہت سے فوائد حاصل ہوسکتے ہیں جن میں بالخصوص خواتین نامعلوم افراد کی کال خاموش کرسکیں گی، جبکہ کاروباری اور مارکیٹنگ مقاصد کے لیے کولڈ کال کو بھی روکا جاسکے گا۔ واٹس ایپ کے مطابق اس کا مقصد لوگوں کو بار بار فون کی مداخلت سے محفوظ رکھنا ہے۔